چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ تھری ایم پی او بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ضمانت دی ہے کہ الیکشن فری اینڈ فئیر ہونے کیلئے ضروری ہے گرفتاریاں نہ کی جائیں، شاہ محمود قریشی پارٹی کےاہم رکن ہیں انکی گرفتاری پرسپریم کورٹ کو دیکھنا چاہیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کو پہلے بھی متعدد بار گرفتار کیا گیا تھری ایم پی او کی گنجائش نہیں، ایم پی او اس لیے جاری کیا جاتا ہے کہ نیا کیس بنانے تک نظر بند رکھا جائے۔ عدلیہ سے گزارش ہے کہ لوگوں کی حفاظت یقینی بنائے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے وائس چئیرمین اور سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔ بدھ کے روز وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو رہا کیا گیا تاہم راولپنڈی پولیس نے انہیں جی ایچ کیو حملہ کیس میں اڈیالہ جیل کے گیٹ سے باہر نکلتے ہی دوبارہ گرفتار کرلیا۔