بھارت میں سوشل میڈیا پر پھانسی لگانے کی پرینک ویڈیو بنانے کی کوشش کرنیوالا پانچویں جماعت کا طالب علم جان گنوا بیٹھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ کان پور میں پیش آیا جہاں پانچویں جماعت کے طالب علم نے سوشل میڈیا ریلز پر پھانسی لگانے کی پرینک ویڈیو دیکھی اور اسی طرح اپنی ویڈیو بنانے کی کوشش کے دوران زندگی گنوا بیٹھا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ 11 سالہ نکھل راجو نے پرینک ویڈیو بنانے کیلئے گلے میں پھندا لگایا اور رسی کو چھت کے ہُک سے باندھ دیا تاہم اس دوران رسی کا پھندا گلے میں ٹائٹ ہونے سے اس کا دم گھٹ گیا اور وہ ہلاک ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نکھل کے والد نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا بیٹا روزانہ اسکول سے واپس آکر سوشل میڈیا پر پرینک ویڈیوز دیکھتا اور ایسی ہی ویڈیوز بنانے کی کوشش کرتا تھا، کمرے میں نکھل کو بے ہوشی کی حالت میں دیکھا تو اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔
میڈیا کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی جہاں اہلکاروں کو فیملی کے موبائل فون سے ایسی ہی ریلیز کی واچ لسٹ ملی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نکھل دو بھائیوں اور ایک بہن میں سب سے بڑا تھا۔