پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو طبعیت خراب ہونے کے باعث جیل سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
جیل ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو جمعہ کی رات دل کی تکلیف ہوئی جس کے باعث انہیں جیل سے آر آئی سی منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز کی جانب سے ان کا طبی معائنہ کیا گیا۔
جیل ذرائع نے بتایا کہ پرویزالہٰی کو چیسٹ انفیکشن بھی ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ کے آر آئی سی میں شوگر اور خون کے ٹیسٹ کئے گئے جبکہ انہوں نے اہلخانہ کی عدم موجودگی میں تھیلیم سکین سے منع کردیا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے پی ٹی آئی صدر کے صاحبزادے چوہدری راسخ الہیٰ بھی ان کی عیادت کے لئے آر آئی سی پہنچ گئے ہیں۔