پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی جانب سے قاضی فائز عیسیٰ کو ملک کے 29 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھانے پر مبارکباد پیش کی گئی ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں تحریک انصاف نے چیف جسٹس سے انصاف کے تقاضوں کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کی امید کا اظہار کیا۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف کے مطابق امید کرتے ہیں کہ نو منتخب چیف جسٹس آئین و قانون کے اصولوں کے تحت انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کریں گے، ایک آزاد اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہمیشہ عدل و انصاف پر قائم ہوتی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ جن معاشروں کے لوگوں کو عدل و انصاف میسر نہ ہو وہ معاشرے تباہ ہو جاتے ہیں، شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ اور عدل و انصاف تک رسائی کی ذمہ داری عدلیہ پر عائد ہوتی ہے، پی ٹی آئی قانون کی پاسداری کرنے والی جماعت ہے جس کا نظریہ قانون کی بالادستی اور عدل و انصاف کے اعلی ترین اصولوں پر مبنی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے قاضی فائز عیسی کو ملک کے 29 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھانے پر مبارکباد
— PTI (@PTIofficial) September 17, 2023
تحریک انصاف کا چیف جسٹس سے انصاف کے تقاضوں کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کی امید کا اظہار
امید کرتے ہیں کہ نو منتخب چیف جسٹس آئین و…
چئیرمین تحریک انصاف کی 27 سالہ سیاسی جدوجہد میں ہر قدم پر قوم کو آئین و قانون کی پاسداری کی تلقین کی گئی۔
تحریک انصاف چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اورملک کے نظامِ عدل سے آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لئے مؤثر اقدامات کی متقاضی ہے، امید کرتے ہیں کہ سیاسی قیدیوں بالخصوص جیلوں میں قید خواتین کے آئینی حقوق کا تحفظ چیف جسٹس کی اولین ترجیح ہو گی۔
جبری طور پر لاپتہ کیے گئے افراد کے لواحقین بھی حصولِ انصاف کی آس میں چیف جسٹس کی جانب دیکھ رہے ہیں، اس وقت آئین کے تقدس اور قانون کی حرمت کیلئے قوم کی امیدوں کا مرکز و محور صرف عدلیہ ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور جمہوریت اور آئین کی بالادستی کی خاطر نو منتخب چیف جسٹس کو اپنے مکمل تعاون کایقین دلاتی ہے۔