الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) نے عام انتخابات 2024 کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی تاریخ میں دو روز کی توسیع کردی۔
الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد سیاسی جماعتوں کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی تاریخ میں توسیع کا مسلسل مطالبہ کیا جا رہا تھا جس کے بعد ای سی پی نے تاریخ میں مزید دو دن کا اضافہ کر دیا ہے۔
جمعہ کے روز الیکشن کمیشن کی جانب سے نظرثانی شدہ الیکشن شیڈول جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق کاغذات نامزدگی اب 24 دسمبر تک جمع کروائے جا سکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات کی جانچ پڑتال اب 25 سے 30 دسمبر تک ہوگی جبکہ ریٹرننگ افسر کے فیصلوں کیخلاف اپیل 3 جنوری تک دائر ہوگی۔
یاد رہے کہ مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے تاریخ میں توسیع کے لئے الیکشن کمیشن کو خط بھی لکھے گئے تھے۔