مقبوضہ کشمیر کے ضلع راجوری میں عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ میں چار بھارتی فوجی ہلاک جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔
بھارتی ٹی وی ’’این ڈی ٹی وی‘‘ اور میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈین آرمی نے تصدیق کی ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے راجوری میں جمعرات کی سہ پہر 3 بج کر 45 منٹ پر عسکریت پسندوں نے ڈیرہ کی گلی سے گزرنے والی فوج کی دو گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا۔
رپورٹ کےمطابق اس حملے کے بعد آرمی اور عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوگیا اور بعدازاں فوج نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
واضح رہے کہ رواں برس نومبر میں راجوری کے علاقے کلاکوٹ میں آرمی اور اسپیشل فورسز کے مشترکہ آپریشن میں انڈین آرمی کے 2 کپتانوں سمیت 5 فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔
گزشتہ چند برسوں کے دوران اس علاقے میں انڈین فوج پر متعدد حملے ہو چکے ہیں، رواں برس اپریل اور مئی کے دوران راجوری کے علاقے میں دو حملوں میں 10 فوجی مارے گئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو برسوں کے دوران راجوری کے علاقے میں فوجی کارروائیوں کے دوران 35 سے زیادہ بھارتی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔