پاکستان میں انتخابات قریب آتے ہی اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے کامیاب دورہ امریکا پر مودی سرکار کے فالس فلیگ آپریشنز اور پاکستان مخالف پروپیگنڈے میں اضافہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق مودی سرکار اور بھارتی میڈیانے ضلع پونچھ کے علاقے سرن کوٹ میں بھارتی فوجی قافلے پر حریت پسندوں کے حملے کا الزام بھی فوراً پاکستان پر لگا دیا، حالانکہ سرن کوٹ ،پونچھ کا علاقہ انڈیا کے اندر ایل و سی سے 15سے20 کلومیٹر دور ہے ۔بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را ‘‘کے جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹس اور گودی میڈیا نے پاکستان پر بغیر ثبوت الزام لگانا شروع کر دیا۔
رواں سال مودی سرکار متعدد فالس فلیگ آپریشن کر چکی ہے، جن کا مقصد پاکستان مخالف جذبات کو ابھار کر انتخابات میں ہمدردی حاصل کرنا ہے۔25 جنوری کو ریپبلک ڈے سے قبل اور 26 اپریل کو راجوڑی میں جی ٹوئینٹی اجلاس کے دوران فالس فلیگ آپریشنوں کے ذریعے پاکستان مخالف پروپیگنڈا کیا گیا،21 مئی کو پونچھ، 14 ستمبر کو اننت ناگ اور 28 اکتوبر کو نیلم میں بھی فالس پلیگ آپریشن ہوئےاور بعد ازاں پاکستان پر الزام لگا دیا ۔
اسی طرح5 اکتوبر کو بھارتی میڈیا نے راجوری میں دہشتگرد حملے کی معاونت کا الزام پاکستان پر لگایا جبکہ حقیقت میں بھارتی میجر نے فائرنگ سے 5 بھارتی فوجی مار دئیے تھے۔اپریل میں بھارتی میڈیا نے بھٹنڈہ میں ہونے والے واقعے کو دہشتگردی قرار دے کر الزام پاکستان پر لگا دیااور بعد ازاں عقدہ کھلا کہ بھارتی فوجی نے جنسی زیادتی سے تنگ آ کر 4 ساتھیوں کو مار ڈالا تھا۔
اس کے علاوہ 2014 کے انتخابات سے قبل سرجیکل اسٹرائیک اور 2018 کے انتخابات سے قبل پلوامہ حملے کا ڈرامہ بھی رچایا گیا،مقبوضہ کشمیر کے سابق گورنر ستیا پال ملک اور صحافی رویش کمار بھی پلوامہ حملے کے جعلی ہونے کا انکشاف کر چکے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ ہندوستانی پروپیگنڈا آرمی چیف کے کامیاب دورہ امریکہ کو متاثر کرنے کی مذموم کوشش ہو سکتی ہے، حیران کن طور پر تمام فالس فلیگ آپریشنوں کی اطلاع را کے جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹس سے سب سے پہلے بریک کی جاتی ہے۔
ماہرین نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیرمیں دن بہ دن بگڑتی صورت حال سے گھبرا کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے، وہاں ہندوستانی مظالم کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے جسکی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں اندورنی سکیورٹی کے حالات ابتر ہوتے جا رہے ہیں۔