اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 5 ہزار روپےکے اصلی کرنسی نوٹ کی پہچان کے لیے ویڈیو جاری کردی۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری ویڈیو میں 5 ہزار روپےکے نوٹ میں موجود نشانیاں بتائی گئی ہیں جن کے ذریعے شہری اصلی اور نقلی نوٹ میں فرق کرسکتے ہیں۔
خیال رہےکہ گزشتہ روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں 5 ہزار روپے کے جعلی کرنسی نوٹ کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ اجلاس میں رکن کمیٹی کامل علی آغا نے 5 ہزار روپے مالیت والے جعلی کرنسی نوٹ پیش کردیے۔ سینیٹر کامل علی آغا نے جعلی نوٹ ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کو دکھایا تو وہ بھی نہ پہچان سکے اور کہا جعلی نوٹ کی کوالٹی اچھی ہے۔
سلیم مانڈوی والا نے جعلی نوٹوں کی روک تھام کے لیے اسٹیٹ بینک سےکارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جعلی نوٹوں کا معاملہ کئی سال سے چل رہا ہے اور مرکزی بینک کے پاس کوئی حل نہیں، جعلی نوٹ بینکوں سے ہی آرہے ہیں۔
ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عنایت حسین نےکہا کہ جعلی کرنسی پاکستان نہیں پوری دنیا کا مسئلہ ہے، ڈالرکی جعلی کرنسی بھی چھپ رہی ہے، ایسا کوئی نظام موجود نہیں ہے جس سے جعلی کرنسی کو چھاپنے سے روکا جاسکے۔