لاہورہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کے لئے دائر انٹرا کورٹ اپیل پرسماعت سے معذرت کرلی۔
بدھ کے روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابدعزیز شیخ اور جسٹس فیصل زمان خان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کی اپیل پرسماعت سے معذرت کرتے ہوئے کیس کی فائل چیف جسٹس کو واپس بھجوا دی۔
مقامی وکیل مقسط سلیم نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ نگران وزیر اعظم کے عہدے کی نوے دن کی مدت پندرہ نومبر کو مکمل ہوچکی ہے تو انہیں ہٹا دیا جائے یا پھرعدالت کی جانب سے نگران وزیراعظم کے عہدے کی اضافی مدت کوآئینی تحفظ دیدیا جائے جیسے نیپال اور بنگلہ دیش میں ہوچکا ہے۔
وکیل نے استدعا کی کہ نگران وزیر اعظم کو پالیسی معاملات میں فیصلے کرنے سے روکا جائے، لیکشن کمیشن کو حکم دیا جائے کہ وہ نئے قانونی حکومتی سیٹ اپ کی تشکیل کیلئےعمل درآمد کرے۔
وکیل نے مزید استدعا کہ آئینی اپیل کو سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ کی جانب سے ستائیس نومبر کو اس درخواست کو مسترد کرنے کا فیصلہ معطل کیا جائے۔
تاہم، عدالت عالیہ کے دو رکنی بینچ نے اپیل پر سماعت سے معدزت کرلی۔