بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے اوپنر سومیا سرکار نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں شاندار سنچری سکور کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ کرکٹر سچن ٹنڈولکر کا 15 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیمیں نیلسن میں دوسرے ون ڈے کے لئے مدمقابل تھیں جہاں مہمان ٹیم نے اوپنر سومیا سرکار کی شاندار اننگ کی بدولت میزبان ٹیم کو 292 رنز کا بڑا ہدف دیا۔
بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے سومیا کمار نے 22 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 151 گیندوں پر 169 رنز کی اننگ کھیلی۔
What a way to hit back into form 👏
— ICC (@ICC) December 20, 2023
Soumya Sarkar has broken a record held by Sachin Tendulkar for almost 15 years in the second #NZvBAN ODI 👇https://t.co/nFTM6VoUzc
سومیا کمار اپنی شاندار اننگ کی بدولت کسی دوسرے ملک میں جا کر اتنی بڑی اننگ کھیلنے والے پہلے بنگلہ دیشی کھلاڑی بن گئے جبکہ انہوں نے نیوزی لینڈ میں ایشیا کے کسی کھلاڑی کی جانب سے ون ڈے میچ میں سب سے زیادہ سکور بنانے کا اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے ٹنڈولکر کے 163 رنز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
واضح رہے کہ 2009 میں سچن ٹنڈولکر نے نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ میں کھیلے جانے والے ون ڈے میچ میں 163 رنز کی اننگ کھیل کر ریکارڈ قائم کیا تھا۔
علاوہ ازیں 291 رنز کا ٹوٹل سکور بنگلہ دیش کا نیوزی لینڈ میں سب سے زیادہ ون ڈے سکور بھی ہے۔