انسپکٹر جنرل ( آئی جی ) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے دوران دہشت گردی کے خطرات موجود ہیں۔
سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ نو مئی کے واقعات سے ثابت ہوتا ہے کہ 2024 میں ہونے والے عام انتخابات زیادہ چارجڈ ہوں گے، نو مئی محض ایک فساد نہیں بلکہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت ایک سازش ثابت ہوئی ، انتخابات کے دوران دہشت گردی کے خطرات بھی موجود ہیں۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ تمام حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پولنگ اسٹیشنز اور حساسیت کے مطابق آرمی کی نفری بھی مانگیں گے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ عام انتخابات 2024 میں ستر فیصد سے زائد پولیس کی نفری لگائیں گے ، پچاس ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز پر ورکنگ مکمل کرلی ہے، نو مئی صرف فساد نہیں بلکہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت سازش تھی ، ان تمام اداروں پر حملہ ہوا جن پر طالبان نے حملے کئے۔
انہوں نے کہا کہ نو مئی کے ماسٹر مائنڈ ایک سیاسی جماعت میں ہیں ، جو 2018 میں ہار گئے تھے وہ بھی جیت کر آگے آنا چاہتے ہیں ، کسی کو الیکشن کے دوران فسادات یا شرانگیزی کی اجازت نہیں دیں گے ، الیکشن کمیشن سے بات ہوگئی ، آرمی کی نفری حساسیت کے اعتبار سے ڈیمانڈ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سرمایہ کاری کے بعد دشمن عناصر متحرک ہوسکتے ہیں ، دہشتگردی کے خدشات سامنے آئے، ناکام بھی بنائے ہیں ، سی ٹی ڈی دہشت گردی کے خدشات پر کام کر رہی ہے۔