تیونس کے قدیم شہر کیروان کے ارد گرد تاریخی دیواروں کا ایک حصہ گرنے سے تین افراد کی موت ہو گئی۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ہفتے کے روز کیروان کے ارد گرد بنائی گئیں تاریخی دیواروں کا ایک حصہ زمین بوس ہوگیا جس کے ملبے تلے دب کر تین افراد ہلاک ہوگئے۔
حکام کے مطابق حادثے کے نتیجے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن کا علاج جاری ہے جبکہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں اور خیال کیا جا رہا ہے کہ زمین بوس ہونے والے حصہ بارش سے متاثر ہوا ہے۔
کیروان شہر کی بنیاد 670 عیسوی میں رکھی گئی تھی اور یہ شمالی افریقہ کے مقدس ترین شہروں میں سے ایک ہے۔
یہ چار صدیوں تک شمالی افریقہ میں مسلم دنیا کا دارالحکومت رہا۔
1988 میں شہر کو یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل کیا گیا جبکہ شہر میں تین دروازوں والی ایک تاریخی مسجد بھی موجود ہے جو کہ قدیم ترین ہے۔