وزیراعظم کے معاون خصوصی اوورسیز پاکستانیز جواد سہراب ملک نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ ، برطانیہ اور یونان سمیت کئی دیگر ممالک میں افرادی قوت کی مانگ بڑھ چکی ہے، جتنے زیادہ پاکستانی بیرون ملک جائیں گے اتنا ہی ترسیلات زر میں اضافہ ہوگا۔
اسلام آباد میں سماء سے گفتگو میں جواد سہراب ملک نے کہا کہ ہماری آبادی پچیس کروڑ جبکہ سالانہ صرف آٹھ لاکھ پاکستانی بیرون ملک جاتے ہیں، جو آبادی کا صفر اعشاریہ تین فیصد ہے، کئی ہمسایہ ممالک سے تین فیصد لوگ ہر سال باہر جاتے۔
معاون خصوصی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بیرون ملک جانے کیلئے قانونی راستہ اختیار کریں۔
جواد سہراب کا کہنا تھا کہ سعودی کمپنیاں مزید پاکستانی ملازمین لینے کو تیار ہیں، سالانہ صرف 8 لاکھ پاکستانی بیرون ملک جاتے ہیں، تعداد بڑھائیں گے، تربیت میں پیچھے ہیں، نیوٹیک اور ٹیوٹا کو کام تیز کرنا ہوگا۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ برین ڈرین کا تصور غلط ہے، ہمیں فکر کرنے کی ضرورت نہیں، جتنے لوگ باہر جائیں گے، اتنا ہی زیادہ زرمبادلہ پاکستان آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ سمندرپار پاکستانی ہر سال 27 ارب ڈالر ترسیلات زر بھیج رہے ہیں، غلط راستے سے باہر نہ جائیں ، تربیت لے کر قانونی طریقہ اختیار کریں۔