چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی ائی الیکشن کا کبھی بائیکاٹ نہیں کرے گی تاہم انتخابی مہم میں ہماری شرکت نہ ہونا پری پول رگنگ ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ ہمیں آج بھی کنونشن اور جھنڈوں کی اجازت نہیں ہے ، یہ عوام کا حق ہے کہ وہ کس کو چننا چاہتے ہیں، ہم کوشش کررہے ہیں اپنے انتخابی نشان سے الیکشن لڑیں، الیکشن کمیشن نے شیڈول کے بعد لیول پلینگ فیلڈ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ اگر لیول پلیئنگ فیلڈ ملے تو دو تہائی اکثریت ہماری ہوگی۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے 8 فروری کو الیکشن کروانے کا کہہ کر اچھا اقدام کیا مگر ہم چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ آر اوز عدلیہ سے رکھوا دیتی، ہم اس فیصلہ سے مطمئن نہیں ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اگر آپ پٹیشنرز کو نوٹس جاری رہنا شروع کریں تو انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ ہوگی، ہم نے کبھی نہیں کہا کہ ہمیں انصاف ہوتا ہوا نظر نہیں آرہا، ہمیں جن کیسز میں نقصان ہوا وہ اس لئے ہوا کہ وہ سنے نہیں جا رہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین کی فیملی پر مقدمات بنا کر جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے تاکہ کوئی کمپرومائز ہو، ہمارے ورکرز کو جیلوں میں بار بار نظر بند کرنے کے معاملہ کو بھی دیکھنا چاہیئے، پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو چاہتی ہے کہ جمہوریت کو ڈی ریل ہونے سے بچائے۔