ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ کے علاقے کیچی اورین میں 2014ء میں آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) پشاور پر ہونے والے وحشیانہ دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والے طلبا اور عملے کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگاری تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پاکستانی سفیر نے میئر کیسیورین اور دیگر معززین کے ہمراہ شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر رکھی۔
تفصیلات کے مطابق ترکیہ میں پاکستانی سفیر جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی، کیسورین میونسپلٹی اور پاکستان ایمبیسی کے عہدیداروں نے تقریب میں شرکت کی، پاکستان کے ساتھ اظہار یک جہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کیچی اورین بلدیہ کے مئیر ترگت آلتن اوک نے اے پی ایس دہشتگردانہ حملے کی پرزور مذمت کی۔
ترگت آلتن اوک کا کہنا تھا کہ ترکی کے عوام زندگی کے تمام پہلوؤں بالخصوص دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے، میئر نے ہندوستان کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو ان کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کے لیے ترکی کی حمایت کا اعادہ کیا۔
In Keçiören, a heartfelt ceremony honored the victims of the 2014 terrorist attack.
— SAMAA TV (@SAMAATV) December 16, 2023
Pakistani officials, #Turkish dignitaries, and the Mayor of Keçiören, Turgut Altinok, reiterated strong #condemnation for the heinous act, affirming solidarity with #Pakistan. #SamaaTV pic.twitter.com/Q6hh4XTkEN
ترکیہ میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے اظہارِ یکجہتی اور دہشت گردانہ حملوں میں شہید ہونے والی قیمتی جانوں کی یاد کو زندہ رکھنے پر ترک بھائیوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، سفیر کا مزید یہ کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو دہشتگردی کی وجہ سے بے شمار نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ یہ فیصلہ دہشت گردی کی عکاسی کرتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے، جموں و کشمیر کا حتمی فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق کیا جانا ہے۔
پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر بھارتی آئین اور بھارتی عدالتوں کی بالادستی نہیں ہے، ڈاکٹر یوسف جنید نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اصولی مؤقف اپنانے پر ترک صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستانی سفیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے جائز مقصد کے لیے اپنی مکمل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔