نگراں وزیرتوانائی محمد علی کا کہنا ہے کہ پیٹرول سیکٹر پر ٹیکسز بہت زیادہ ہیں،60 روپے فی لیٹر پیٹرول لیوی پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔
سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی توانائی کے اجلاس میں وزیرتوانائی نے پٹرول سیکٹر پر عائد ٹیکسز زیادہ قرار دیتے ہوئے نظرثانی پر زور دیا۔
محمد علی نے مزید کہا کہ ایف بی أر انکم ٹیکس خود وصول کرے، بلز میں نہ ڈالے، ملک میں کراس سبسڈی کو ختم کرنا ہوگا، پاور سیکٹر میں فکسڈ چارجز ہونے چاہیں، اس طرح سردیوں اور گرمیوں کے ریونیو میں فرق نہیں پڑے۔
وزیر توانائی نے کہا کہ بجلی کی چوری کو قابل گرفت جرم بنا رہے ہیں، آرڈیننس پر دستخط ہو چکے ہیں، جلد ہی لاگو ہوجائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ ڈسکوز سے حکومت کی مداخلت کو ختم کرنا ہوگا، بجلی کے ٹیرف اسٹرکچر اور کیپسٹی پیمنٹ کا حل نکالنا ہوگا۔