آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی ( اوگرا) کی جانب سے 16دسمبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8روپے سے ساڑھے 13روپے تک کمی کی تجویز دی گئی ہے۔
باخبر ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کا ورکنگ پیپر تیارکرلیا گیا ہے ، جس میں 16دسمبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8روپے سے ساڑھے 13روپے کمی تجویز دی گئی ہے۔
اوگرا کے ورکنگ پیپر میں پٹرول کی قیمت میں فی لٹر 13روپے 10 پیسے،ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13روپے 66پیسے،مٹی کے تیل کی قیمت میں 8روپے 36پیسے اورلائٹ ڈیز ل کی قیمت میں 10روپے 23پیسے کمی کی تجویز دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ ورکنگ پیپر عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی اور روپے کی قدر میں استحکام کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے ، جواوگرا کل وزارت خزانہ کو ارسال کرے گا ۔
واضح رہے کہ اگر حکومت نے ٹیکسز میں اضافہ نہ کیا تو عوام کو بڑا ریلیف مل سکتا ہے، تاہم وزارت خزانہ ریونیو ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلہ کر ے گی ۔جبکہ ورکنگ پیپر پر فیصلے کا حتمی اختیار بھی وزارت خزانہ کو ہے ۔
یاد رہے کہ وزارت خزانہ کو اوگرا کی سمری میں ردوبدل کا اختیار بھی ہے، اگر پٹرلیم لیوی اور دیگر مارجنز بڑھے تو ریلیف میں کمی ہوسکتی ہے۔تاہم وزارت خزانہ اوگرا کی سفارش پر وزیر اعظم سے مشاورت کے بعد حتمی نوٹیفکیشن جاری کرگی۔