نیوزی لینڈ میں میزبان ٹیم کو تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں دو ایک سے شکست دینے کے بعد پاکستان ویمنز ٹیم نے آئی سی سی ویمنز پلیئرز رینکنگ میں بھی نمایاں پیش رفت دکھائی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرنے والی بائیں ہاتھ کی اسپنر سعدیہ اقبال خواتین کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں چوتھے نمبر پر آگئی ہیں۔
سعدیہ نے 28 ٹی ٹوئنٹی کھیلے ہیں جن میں 29 وکٹیں حاصل کی ہیں، 2019 میں بنگلہ دیش کے خلاف 19 رنز کے عوض تین وکٹوں کے ان کے بہترین اعداد و شمار ہیں۔
پاکستان کی ایک اور لیفٹ آرم اسپنر ناشرہ سندھو بھی آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ٹاپ ٹین بولرز میں شامل ہیں، انہوں نے نے 51 ٹی ٹوئنٹی میں 53 وکٹیں حاصل کی ہیں اور وہ رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر ہیں۔
کپتان ندا ڈار آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں آل راؤنڈرز میں پانچویں اور بولنگ میں 18ویں نمبر پر ہیں۔
آئی سی سی ویمنز ون ڈے رینکنگ میں سدرہ امین نے ترقی حاصل کی اور وہ 21 ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔
سعدیہ اقبال کا کہنا ہے کہ کرکٹ چیلنجز اور سنگ میل کا کھیل ہے ،عالمی ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں چوتھے نمبر پر پہنچنا میرے کیریئر کا ایک اہم سنگ میل ہے، میری یہ کامیابی ٹیم کی اجتماعی کوششوں اور شائقین کے سپورٹ کی مرہون منت ہے ۔
چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ مجھے ہماری خواتین کرکٹرز کی کارکردگی پر بے حد فخر ہے۔