لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے نو مئی جلاؤ گھیراؤ کے تین مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما میاں اسلم اقبال اور حماد اظہر سمیت دیگر ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا۔
رپورٹس کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل نے پولیس کی درخواستوں پر سماعت کی ۔درخواستوں میں پولیس نے موقف اختیار کیا کہ ملزموں نے خود کو روپوش کررکھا ہے ۔ گرفتاری کے لیے چھاپے مارے مگر گرفتار نہیں ہوئے ۔ عدالت ملزموں کو قانون کے مطابق اشتہاری کرنے کا حکم دے ۔
عدالت نے پولیس افسران کی درخواست پر کاروائی کرتے ہوئے میاں اسلم اقبال ،حماد اظہر،کرامت علی کھوکھر ، مراد سعید ،حافظ فرحت ، احمد خان نیازی ، زبیر خان نیازی، حامد رضا ، امتیاز محمود ، واثق قیوم عباسی سمیت چودہ ملزموں کو اشتہاری قرار دیا ۔
ملزموں کے خلاف تھانہ سرور روڈ میں دو جبکہ تھانہ ماڈل ٹاؤن میں پولیس نے ایک مقدمہ درج کررکھا ہے۔