سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں پاک افغان سرحد پر دراندازی کی 2 کوششیں ناکام بناتے ہوئے 13 خوارج ہلاک کر دیئے ۔
آئی ایس پی آر کےمطابق ضلع مہمند میں سیکیورٹی فورسز نے دراندازی کے دوران کارروائی پر 8خوارج ہلاک کر دئیے جبکہ ضلع شمالی وزیرستان میں پاک-افغان سرحد پرشدید فائرنگ کےتبادلےمیں 5خوارج مارے گئے۔
بھارتی سرپرستی میں فتنہ الخوارج کے دہشتگرد پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، مہمند ضلع میں دراندازی کرنے والے خوارج کے گروہ کو بروقت ٹریس کر لیا گیا۔
افغان طالبان حکومت سرحدی نظم و نسق یقینی بنانے میں ناکام رہی،افغان سرزمین پاکستان میں دہشتگردی کیلئے استعمال ہو رہی ہے،افغان طالبان اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور خوارج کو پناہ نہ دیں۔
پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کیلئے پرعزم ہیں،علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے او ر مزید خوارج کی تلاش کا عمل تیز کر دیا گیا ۔
آپریشن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری رہیں گی، غیرملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔




















