پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) نے ذوالفقارعلی بھٹو صدارتی ریفرنس کی لائیو سماعت کا مطالبہ کر دیا۔
پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ سے اپیل ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو صدارتی ریفرنس کی کارروائی براہ راست دکھائی جائے، ان کا پوری دنیا میں کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے بطور صدر یکم اپریل 2011 کو صدارتی ریفرنس بھیجا تھا، ریفرنس میں کہا گیا کہ ذوالفقار بھٹو کا عدالتی قتل ہوا ، ٹرائل ہونا چاہئے، کئی سال کی جدوجہد کے بعد اب سپریم کورٹ میں ریفرنس مقرر ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ منگل کو چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں ریفرنس کی سماعت ہوگی، پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی فریق بننے کی درخواست دے رکھی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ منگل کو پیپلزپارٹی رہنما اپنے وکلا کے ساتھ سپریم کورٹ میں ہوں گے، دنیا کو بتایا جائے گا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل کیسے ہوا؟۔