ایشیا کپ کے فائنل سے قبل سری لنکن ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا۔
ترجمان سری لنکن کرکٹ بورڈ کے مطابق مہیش ٹھیکشانہ بھارت کے خلاف فائنل سے باہر ہو گئے۔ مہیش ٹھیکشانہ کی جگہ سہان ارچشیگھے کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا۔
یاد رہے کہ مہیش ٹھیکشانہ پاکستان کے خلاف میچ میں دائیں ہیم اسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا 16 واں ایڈیشن اپنے اختتامی مرحلے کی طرف گامزن ہے۔ دفاعی چیمپئن سری لنکا اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان فائنل میچ 17 ستمبر کو آر پریما داسا سٹیڈیم ، کولمبو میں کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ کا فائنل میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا اور پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن 2 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔
بھارتی ٹیم سپر فور رائونڈ میں پاکستان ٹیم کو 228 رنز سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی تھی۔اس کے بعد پاکستان اور دفاعی چیمپئن سری لنکا کے درمیان سپر فوررائونڈ کا پانچواں میچ بھی سیمی فائنل کی حیثیت اختیار کر گیا تھا جس میں میزبان اور دفاعی چیمپئن سری لنکن ٹیم نے پاکستان ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 2 وکٹوں سے ہر اکر ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیاتھا۔