بلوچستان کے دوسرے بڑے شہر خضدار کے سلطان ابراہیم خان روڈ پر دھماکا ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ایس ایچ او مراد جاموٹ شہید ہوگئے جبکہ دو راہگیر زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے بعد پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ لاش اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق دھماکے میں شہید ہونے والے ایس ایچ او مراد جاموٹ خضدار سی ٹی ڈی تھانے تعینات تھے۔ چند ماہ قبل ایس ایچ او سی ٹی ڈی شربت خان بھی دھماکے میں شہید ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں بھی خضدار کے سلطان روڈ دو تلوار چوک پر گاڑی میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق دھماکا گاڑی میں نصب مقناطیسی ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تاجر امان اللہ اور 20سالہ نوجوان نوید شاہوانی جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔