مسلم لیگ ن نے عام انتخابات کیلئے راولپنڈی ڈویژن سے پارٹی ٹکٹوں کو حتمی شکل دے دی۔
مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے پچپن سے ملک ابرار، این اے چھپن سے حنیف عباسی، این اے ستاون سے بیرسٹر دانیال چوہدری کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہی علاقوں سے صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لئے راجہ عبدالحنیف، سجاد خان، شیخ ارسلان، ضیاء اللہ شاہ، اسامہ چوہدری اور ملک افتخار احمد کا نام فائنل کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹکٹیں دینے کا حتمی فیصلہ میاں نوازشریف نے مرکزی پارلیمانی بورڈ کی تجاویز کی روشنی میں کیا ہے۔ اس سے قبل قائد مسلم لیگ ن نوازشریف نے ٹکٹوں کے معاملے پر راولپنڈی ڈویژن میں اختلافات کا نوٹس لیتے ہوئے ٹکٹ کے خواہشمندوں کو لاہور بلاکر ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں حنیف عباسی، بیرسٹر دانیال، سجاد خان اور ناصر بٹ شامل تھے۔