وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے ) نے جعلی طریقے سے اراضی منتقل کرنے کے الزام میں تحصیلدار غلام مرتضٰی چانڈیو کو اسلام آباد سے گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے فوت شدہ شخص کے نام پلاٹ جعلی دستخط اور انگوٹھے کے ذریعے انتقال کرنے میں ملوث تحصیلدار غلام مرتضٰی چانڈیو کو گرفتار کیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم نے پلاٹ کے مالک کا جعلی بائیو میٹرک استعمال کرتے ہوئے موضع پنڈ پڑیاں میں دس مرلے کے پلاٹ کا انتقال کیا تھا۔
ملزم کی جانب سے استعمال کئے گئے بائیومیٹرک کی تصدیق نادرا سے کروائی گئی جو کہ جعلی ثابت ہوئی، پلاٹ کے مالک کا انتقال 2013 میں ہوا تھا۔
ملزم کو اسلام آباد سے گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔