چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کی آئینی مدت کل رات بارہ بجے مکمل ہوجائے گی۔ جس کے بعد نئے چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی اتوارکو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
جسٹس قاضی فائز عیسٰی سترہ ستمبر کو 29ویں چیف جسٹس آف پاکستان کے طور پر حلف اٹھائیں گے،حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوگی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نئے چیف جسٹس سے حلف لیں گے۔ نگراں حکومت کے عہدیداران، سپریم کورٹ کے ججز، وکلا تنظیموں کے عہدیداروں سمیت دیگر اہم شخصیات شرکت کرینگی۔
تین ماہ قبل اکیس جون کو صدرمملکت کی منظوری کے بعد وزارت قانون نے ان کی بطور چیف جسٹس تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا۔ افتخار چودھری کےبعد وہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے دوسرے چیف جسٹس پاکستان ہوں گے ۔