پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے سپریم کورٹ کی جانب سے نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کا فیصلہ آئین کی بالادستی ہے، یہ فیصلہ حق اور انصاف کی جیت ہے۔
تحریک انصاف کی جانب سے سپریم کورٹ کے فیصلے کی مکمل تائید اور توثیق کا اعلان بھی کیا گیا۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ نیب قوانین میں نئے سرے سے قومی خزانہ لوٹنے کی اجازت دی گئی تھی، فیصلے نے واضح کردیا کہ نیب ترامیم آئین اور بنیادی انسانی حقوق سے متصادم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے خودساختہ این آر او ٹو کو اٹھا کر ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا ہے، نیب اپنا آئینی کردار ادا کرتے ہوئے بحال کردہ ریفرنسز پر ازسرِ نو تحقیقات شروع کرے۔
پاکستان تحریک انصاف کا سپریم کورٹ کے نیب ترامیم کو کالعدم قرار دینے کے فیصلے کا خیر مقدم
— PTI (@PTIofficial) September 15, 2023
عدالتِ عظمیٰ کا چئیرمین تحریک انصاف کی درخواست پر فیصلہ خوش آئند اور آئین کی بالادستی قرار
سپریم کورٹ کا فیصلہ چئیرمین تحریک انصاف کی نہیں بلکہ حق اور انصاف کی جیت ہے، ترجمان تحریک انصاف…
واضح رہے کہ چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل تین رکنی بینچ نے 1-2 سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی نیب ترامیم کیس سے متعلق درخواست پر فیصلہ سنایا۔
عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے بعد عوامی عہدے رکھنے والے سیاستدانوں کے خلاف ریفرنسز بحال ہوگئے ہیں۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 500 ملین کی حد تک کے ریفرنس نیب دائرہ کار سے خارج قرار دینے کی شق کالعدم قرار دی جاتی ہے تاہم سروس آف پاکستان کے خلاف ریفرنس فائل کرنے کی شقیں برقرار رکھی جاتی ہیں۔