لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں واقع سکول کی زیرِ تعمیر دیوار گرنے سے 12 سالہ بچے کی ہلاکت کے واقعے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسکول کی 6 خواتین ٹیچرز اور چوکیدار کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق زیرِ حراست تمام ٹیچرز واقعے کے وقت اسکول میں موجود تھیں، جبکہ چوکیدار کی شناخت سلیم عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسکول کی پرنسپل اور مالکن واقعے کے وقت موقع پر موجود نہیں تھیں، جبکہ ذرائع کے مطابق اسکول کی مالکن کی بہن ادارے کے انتظامی معاملات چلا رہی تھی۔
ریسکیو حکام کے مطابق دیوار گرنے کے نتیجے میں 12 سالہ ابوبکر جاں بحق ہوگیا، جبکہ 5 افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق بچے کی لاش اور 4 زخمیوں کو سروسز اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ ایک زخمی کو تشویشناک حالت کے باعث نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔
زخمیوں میں ندیم، وسیم، فیض اور شکیل شامل ہیں، جبکہ ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔





















