مون سون کے پہلے اسپیل کا آغاز ہوگیا، جڑواں شہروں میں بارش نے کئی روز سے جاری شدید گرمی کا زور توڑ دیا۔ اسلام آباد کی جناح سپر مارکیٹ میں پارکنگ میں کھڑی دو گاڑیوں پر درخت گر گیا۔ جبکہ پی ڈبلیو ڈی انڈر پاس میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے بارش کا یہ سلسلہ چھ جولائی تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
ملک میں مون سون بارشوں کاپہلا اسپیل شروع ہوگیا،اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اورکہیں ہلکی بارش ریکارڈکی گئی۔ بارش اورٹھنڈی ہواؤں نےموسم خوشگواربنادیا،وفاقی دارالحکومت میں تیز ہواؤں کےباعث جناح سپر مارکیٹ میں ایک درخت پارکنگ میں کھڑی دوگاڑیوں پرگرگیا،دونوں گاڑیوں کو نقصان پہنچا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
محکمہ موسمیات کےمطابق بارشوں کا سلسلہ چھ جولائی تک جاری رہنےکا امکان ہے،آج ملک میں سب سےزیادہ درجہ حرارت نوکنڈی اوردالبندین میں سینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا،دادو میں پارا چھیالیس اورسبی میں پینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا،جبکہ سب سے زیادہ فیل لائک درجہ حرارت پشاور میں صاٹھ ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
این ڈی ایم اے نےآئندہ ہفتے کےممکنہ خطرات سےمتعلق الرٹ جاری کردیا،گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے،اچانک سیلاب،لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کے خدشات ہیں۔
ترجمان کےمطابق دریاؤں کےکناروں کےکٹاؤ کے ساتھ شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں،این ڈی ایم اے نےتمام ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی مشینری کی تیاری یقینی بنانےکی ہدایت کر دی،نشیبی علاقوں اور دریاؤں کے کنارے آباد شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔




















