بلوچستان کے ضلع ژوب میں بارش اور تیز آندھی نے تباہی مچا دی۔ دو مختلف واقعات میں مکان کی چھت اور دیوار گرنے سے ایک خاتون اور دو بچوں سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ژوب کےعلاقے نیو آبادی کلی شیخان، بائی پاس کے قریب بارش اور تیز ہواؤں کے باعث ایک مکان کی چھت اچانک منہدم ہوگئی ۔ جس کے نتیجے میں گھرکےافراد ملبےتلےدب گئے۔ حادثےمیں ایک خاتون اور کمسن بچی جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہوئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسی علاقے میں خراب موسمی حالات کے دوران ایک گھر کی دیوار بھی گر گئی جس کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق ہوگیا ۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں، ضلعی انتظامیہ اور مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں کیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو ملبے سے نکال کر فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال ژوب منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ حادثات کے بعد ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے حکام نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ۔




















