برطانوی اسٹیج اور سنیما کے مایہ ناز اداکار مائیکل برن 82 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ فلم انڈسٹری سے وابستہ شخصیات کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
مائیکل برن نے اپنے تقریباً 60 سالہ طویل کیریئر میں تھیٹر، ٹیلی ویژن اور فلموں میں کئی لازوال کردار ادا کیے۔ ’ہیری پوٹر‘ اور ’انڈیانا جونز‘ جیسی شہرہ آفاق فلموں میں یادگار کردار نبھانے والے برطانوی اداکار کے انتقال کی خبر منگل کے روز برطانوی میڈیا نے شیئر کی، جس کے مطابق ان کا انتقال 20 جون کو ہوا تھا، تاہم موت کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔
سال 1943 میں لندن میں پیدا ہونے والے مائیکل برن نے اپنے فنی سفر کا آغاز 1963 میں اسٹیج تھیٹر سے کیا تھا۔ وہ لندن کے اولڈ وک تھیٹر میں لارنس اولیویئر کی قائم کردہ نیشنل تھیٹر کمپنی کے بانی ارکان میں شامل تھے۔
مائیکل برن کو عالمی سطح پر شہرت ہالی ووڈ کی مقبول ترین فلموں میں منفی اور جاندار کردار ادا کرنے سے ملی۔ انہوں نے 1989 کی مشہورِ زمانہ فلم ’انڈیانا جونز اینڈ دی لاسٹ کروسیڈ‘ میں ہیریسن فورڈ کے مدمقابل ایک نازی کرنل ’ارنسٹ ووگل‘ کا یادگار کردار نبھایا۔
اپنے طویل کیریئر کے دوران انہوں نے کئی تاریخی کرداروں کو بھی بڑے پردے پر زندہ کیا۔ سال 2013 میں ریلیز ہونے والی شہزادی ڈائنا کی زندگی پر مبنی فلم ’ڈائنا‘ میں مائیکل برن نے جنوبی افریقہ کے مشہور کارڈیک سرجن کرسچن برنارڈ کا کردار ادا کیا تھا، جس میں مرکزی کردار اداکارہ نومی واٹس نے نبھایا تھا۔
ہیری پوٹر فلم کے اداکار مائیکل برن 82 برس کی عمر میں انتقال کرگئے
فلم انڈسٹری سے وابستہ شخصیات کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار





















