معروف پاکستانی اداکار دانش تیمور نے جاری 2026 فیفا ورلڈ کپ کے حوالے سے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو کی قیادت میں پرتگال کو ٹائٹل جیتنے کے لیے کسی معجزے کی ضرورت ہوگی۔
دانش تیمور نے پرتگال کی جرسی پہن کر انسٹاگرام پر اپنی فٹبال تجزیاتی رائے شیئر کی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے کے بعد پانچ ٹیمیں دیگر تمام ٹیموں سے زیادہ مضبوط نظر آ رہی ہیں، جن میں فرانس، انگلینڈ، برازیل، اسپین اور مراکش شامل ہیں۔
اداکار نے ان ٹیموں کے دفاعی نظم، مؤثر پریسنگ، بہترین پوزیشننگ، تیز رفتار ٹرانزیشن، گیند پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کی صلاحیت اور میچ کی رفتار کو قابو میں رکھنے کی صلاحیت کو سراہا۔
دانش تیمور کا کہنا تھا کہ ان ٹیموں نے حقیقی ٹائٹل فیورٹ ہونے کا ثبوت دیا ہے اور اگر یہی تسلسل اور نظم و ضبط برقرار رہا تو انہی میں سے کوئی ایک ٹیم ورلڈ کپ جیت سکتی ہے۔
View this post on Instagram
انہوں نے کہا کہ اگرچہ دل پرتگال کی کامیابی چاہتا ہے، لیکن اب تک کی کارکردگی انہیں چیمپئن ٹیم ثابت نہیں کرتی، اور ٹائٹل جیتنے کے لیے پرتگال کو کسی غیرمعمولی کارکردگی یا معجزے کی ضرورت ہوگی۔
دانش تیمور نے یہ بھی کہا کہ شائقین ممکنہ طور پر کرسٹیانو رونالڈو، لیونل میسی، لوکا موڈریچ، مینوئل نوئر اور نیمار جیسے عظیم کھلاڑیوں کو آخری بار فیفا ورلڈ کپ میں ایکشن میں دیکھ رہے ہیں۔
دوسری جانب اداکار علی عباس نے بھی اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے فرانس کو رواں ورلڈ کپ جیتنے کے لیے مضبوط ترین امیدوار قرار دیا۔






















