ملک بھر میں غیرقانونی مقیم افغان شہریوں کی گرفتاری کیلئے بڑے کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا۔ وزارتِ داخلہ نے 10 جولائی کی حتمی ڈیڈ لائن مقرر کر دی۔
وزارت داخلہ نے حکم دیا ہے کہ 10 جولائی سے پہلے تمام غیرقانونی افغان باشندوں کو گرفتار کیا جائے۔ صوبائی چیف سیکرٹریز، آئی جیز اور اسلام آباد انتظامیہ کو سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کردی گئی۔
مراسلے میں 11 جولائی سے گرفتاریوں اور کارروائیوں کی یومیہ رپورٹ وزارتِ داخلہ کو جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بغیر ویزا ملنے والے افغان شہریوں کی تعداد، کارروائی اور موجودہ حیثیت شامل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ مراسلے میں معاملے کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے فوری اور مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ ملک سے اب تک مجموعی طور پر 24 لاکھ 62ہزار افغان باشندے واپس بھیجے جا چکے ہیں۔ رواں سال مئی تک ایک لاکھ 43 ہزار 709 افغانیوں کو وطن واپس بھیجا گیا۔2025میں واپس بھیجے گئے افغان شہریوں کی تعداد 11 لاکھ 41 ہزار 700 رہی۔ 2024 میں مجموعی طور پر 3لاکھ 44ہزار اور اس سے قبل 2023 میں 4لاکھ 73 ہزار 500 افغانیوں کوواپس بھجویا گیا۔





















