روس کے علاقے سائبیریا کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت منفی 56 ڈگری سینٹی گریڈ (منفی 69 ڈگری فارن ہائیٹ) تک گر گیا جب کہ ماسکو میں برفانی طوفان سے مسافر طیاروں کی آمدو رفت متاثر ہوئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سائبیریا کے شمال مشرقی حصے میں واقع جمہوریہ سخا کے دارالحکومت یاکوتسک جو روس کے دارالحکومت ماسکو سے پانچ ہزار کلومیٹر مشرق میں واقع ہے ، میں درجہ حرارت منفی 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے آ گیا۔
سخا کے ایک اورعلاقے اومیاکون میں گزشتہ شام درجہ حرارت منفی 56 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے حکام نے علاقے میں درجہ حرارت میں مزید کمی کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ماسکو اور مضافاتی علاقوں میں رواں ہفتے کے آخر تک درجہ حرارت منفی 20 سینٹی گریڈ تک گرنے ، یورالز میں منفی 40 سینٹی گریڈ تک گرنے کی پیش گوئی کی ہے۔