بولیویا میں سابق امریکی سفیروکٹر مینوئیل روچا کو کیوبا کے لئے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے نے امریکی محکمہ خارجہ کے حوالے سے بتایا کہ سابق سفارتکار کو جمعے کو میامی سے گرفتار کیا گیا تھا ،جس سے قبل تقریباً ایک سال تک ایک خفیہ آپریشن کے ذریعے ان کی نگرانی کی جاتی رہی۔
اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ نے کہا ہے کہ کسی بھی غیر ملکی جاسوس کی جانب سے یہ سب سے طویل کارروائی تھی جو ایک اعلیٰ عہدے پر فائز تھے۔انھوں نے کہا کہ 40 سال تک وکٹر مینوئیل روچا کیوبا کی حکومت کے ایجنٹ کے طور پر کام کرتے رہے اور انھیں حکومت میں ایسے عہدے ملتے رہے جن کی مدد سے انھیں حساس معلومات تک رسائی بھی حاصل تھی اور وہ امریکی خارجہ کی پالیسی پر اثر انداز ہونے کی صلاحیت بھی رکھتے تھے۔
یاد رہے کہ 1999 سے 2002 تک وکٹرمینوئیل روچا بولیویا میں امریکی سفیر تعینات رہے۔ استغاثہ کے مطابق 25 سال تک وہ نیشنل سکیورٹی کونسل سمیت کئی اعلی ٰحکومتی عہدوں پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔بولیویا کے علاوہ وہ ارجنٹینا، ہونڈوراس، میکسیکو اور ڈومینیکن ریپبلک میں بھی تعینات رہے۔