بھارتی پنجابی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور ماڈل ایشا رِکھی نے گلوکار بادشاہ کے ساتھ اپنی شادی کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔
یہ انکشاف انہوں نے انسٹاگرام پر منعقد ایک سوال و جواب کے سیشن کے دوران کیا، جہاں مداحوں نے ان کی نجی زندگی سے متعلق مختلف سوالات کیے۔ سب سے زیادہ پوچھا جانے والا سوال یہ تھا کہ اگر دونوں کی شادی ہو چکی ہے تو وہ ایک دوسرے کو سوشل میڈیا پر فالو کیوں نہیں کرتے۔
اس سوال کے جواب میں ایشا رِکھی نے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ وہ اس طرح کے سوالات سے تنگ آ چکی ہیں۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ جی ہاں، میری شادی ہو چکی ہے، اور اب اصل سوال یہ ہے کہ وہ ایک دوسرے کو فالو کیوں نہیں کرتے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ اس معاملے کی وضاحت ان کے شوہر یعنی بادشاہ کو دینی چاہیے۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا’’پتی دیو (بادشاہ)، عوام کے پاس سوالات ہیں، براہِ کرم جلد از جلد جواب دیں۔‘‘
ایک اور مداح کے سوال پر کہ شادی کے باوجود انہوں نے کبھی بادشاہ کے ساتھ کوئی تصویر شیئر کیوں نہیں کی، ایشا رِکھی نے پہلی بار دونوں کی ایک نایاب تصویر بھی شیئر کر دی۔
یہ تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی اور مداحوں کی جانب سے جوڑے کے لیے نیک خواہشات اور دعاؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ دونوں کی شادی سے متعلق افواہیں پہلی بار مارچ میں سامنے آئی تھیں جب ایشا رِکھی کی والدہ نے سوشل میڈیا پر کچھ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی تھیں، جنہیں صارفین نے شادی کی تقریبات سے جوڑ دیا تھا، تاہم اس وقت دونوں کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی تھی۔





















