امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران ڈیل کی تفصیلات کو جھوٹ پر مبنی قرار دے دیا۔
ایک پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا کہ ایران نے میڈیا کو جو شرائط لیک کیں ان کا حقیقی مسودے سے کوئی تعلق نہیں، ان کے ساتھ معاملات طے کرنا انتہائی بے عزتی کا باعث ہے۔ ایران کو معاملات نیک نیتی کے ساتھ طے کرنا کا سلیقہ نہیں آتا۔
امریکی صدر نے کہا کہ گزشتہ رات آبنائے ہرمز میں بھارتی جہازوں پر ایران کا ڈرون حملہ ناکام بنا دیا گیا، ایسے اقدامات ناقابل قبول ہیں، انہیں اپنی روش فوری درست کرنی ہوگی۔
قبل ازیں امریکی جریدے بلومبرگ نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط اتوار کو متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق پیر سے سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں جی سیون سمٹ کا آغاز ہورہا ہے اور اس اجلاس سے پہلے امریکا اور ایران مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرسکتے ہیں۔
امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ابتدائی مفاہمت طے پاگئی۔ رپورٹ کے مطابق آبنائے ہرمز فوری کھولنے اور 60 روزہ جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا ہے۔
پابندیوں میں نرمی ایران کے عملی اقدام سے مشروط ہوگی جبکہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات جنگ بندی کے دوران جاری رہیں گے۔ جنگ بندی کا اطلاق تمام محاذوں پر ہوگا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق مفاہمتی یادداشت میں پابندیوں کے خاتمے کی شرط شامل ہے، ایران کے اطراف سے امریکی فوجیوں کا انخلا ہوگا، خلیج عمان میں ایران کی ناکہ بندی ختم ہوگی، جبکہ آبنائے ہرمز کو کھول دیا جائے گا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایرانی تیل پر عائد پابندیاں اٹھالی جائیں گی، ایران کے منجمد اثاثے بحال کیے جائیں گے، حتمی مذاکرات جوہری پروگرام اور معاشی ایشوز پر ہونگے، ایران کے میزائل پروگرام پر کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔






















