ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا، اسرائیل بار بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کررہے ہیں، حملوں کے بعد امریکا کے ساتھ مذاکرات کا ازسرنو جائزہ لے رہے ہیں۔
ترجمان اسماعیل بقائی نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا اور اسرائیل بار بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کررہے ہیں، مذاکرات کو آگے بڑھانے کیلئے پرسکون ماحول بہت ضروری ہے ۔ بدقسمتی سے واشنگٹن کے متضاد بیانات اورخلاف ورزیاں امن عمل کو نقصان پہنچارہی ہیں۔
دوسری جانب تہران میں خطاب کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ گذشتہ رات کو دشمن کو اپنی طاقت کے ذریعے دوٹوک پیغام دیا ہم مکمل حوصلے، اعتماد اور سکون کے ساتھ دشمن کو مقابلہ کرنے کو تیار ہیں، اپنی سرزمین کے خلاف دشمن کی جارحیت کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ دشمن غلط فہمی میں نہ رہے، ہم کبھی سرینڈر نہیں کریں گے۔ جو ایران کو مٹانے کا خواب دیکھ رہے ہیں وہ صرف خواب ہی دیکھتے رہ جائیں گے۔ رہبرِ انقلاب نے تنازعے کے حل کے لیے مذاکرات کا حکم دیا ہے۔ ہمیں داخلی اتحاد اور قومی یکجہتی کو برقرار رکھنا ہوگا۔





















