ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کا ذمہ دار امریکا ہے، جو کچھ ہورہا ہے یہ سب امریکا کی پلاننگ ہے۔
تہران میں نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ ہم جنگ بندی کے پابند تھے خلاف ورزی اسرائیل نے کی ہے، ہم ملک کی سلامتی اور مفادات کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ذمہ داری واشنگٹن پر عائد ہوتی ہے، جو کچھ ہو رہا ہے وہ سب امریکا کی منصوبہ بندی سے ہوا ہے، امریکا ہی کشیدگی دوبارہ بڑھانے کا باعث بن رہا ہے، لبنان جنگ بندی معاہدے کا اہم حصہ تھا، معاہدے کی اہم شق کی خلاف ورزی سے سفارتی عمل متاثر ہوتا ہے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق ایران کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے، اسرائیل سفارتی اصولوں کا احترام نہیں کرتا ، اسرائیلی اقدامات خطے کو تباہی کی طرف لے جاسکتے ہیں، سفارتی عمل اور قومی مفادات کے تحفظ دونوں کے لیے ہیں، حالات کے مطابق دونوں راستوں کو استعمال کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کی متضاد پالیسیوں نے سفارتی عمل کو درہم برہم کر دیا، امریکا اسرائیل کی پشت پناہی بند کرے، امریکا اور اسرائیل کی نیت پر ہمیں پہلے ہی شک تھا۔





















