امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کے باوجود آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی برقرار ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی بحریہ کے اہلکاروں نے امریکی ناکہ بندی کی تصدیق کی ہے۔ سینٹ کام نے ایرانی جہازوں کو ہرمز سے گزرنے نہیں دیا۔ جہازوں کو وارننگ کا سامنا کرنا پڑا۔
ایرانی فوج نے بھی آبنائے ہرمز میں جہازوں کو وارننگ جاری کردی، ترجمان خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹرز نے کہا کہ آبنائے ہرمز کا کنٹرول ایرانی فوج کے پاس ہے، آبنائے ہرمز میں مداخلت کرنے والے فوجی جہاز ہدف بن سکتےہیں، ہرمز ٹرانزٹ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے جہازخطرے میں ہوں گے۔
جبکہ ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 20 جہازوں نے آبنائے ہرمز کو عبور کیا۔ تمام جہاز ایرانی بحریہ سے اجازت لے کر آبنائے ہرمز سے گزرے، تمام بحری جہاز ایران کے مقرر کردہ راستوں پر چلنے کے پابند ہیں، تمام بحری جہازوں اور آئل ٹینکرز کیلیے ایرانی نیوی سے لائسنس حاصل کرنا ہوگا۔
دوسری جانب عمانی میری ٹائم نے آبنائے ہرمز کے گزنے والے جہازوں کیلئے وارننگ جاری کردی، اعلامیے کے مطابق آبنائے ہرمز کے مغربی علاقے میں ایک بارودی مواد کا پتہ چلا ہے، بحری جہاز مغربی راستے سے گزرتے وقت احتیاط سے کام لیں۔
برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز اتھارٹی نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں جاری ناکہ بندی کی وجہ سے خطرات برقرار ہیں، آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آزادانہ نقل وحرکت اب بھی ممکن نہیں۔





















