ملک میں بیشتر حصوں میں گرمی کی شدید لہر جاری ہے، سب سے زیادہ درجہ حرارت آج دادو اور جیکب آباد میں 51 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، رات کے وقت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہےجبکہ کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب کے کچھ علاقوں میں بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیزہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔ آج سبی،تربت،شہید بینظیر آباد،لاڑکانہ اور موہنجوداڑو میں درجہ حرارت 50 ،خیر پور اور سکرنڈ میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔
محکمہ موسمیات نے 31 مئی تک ملک کے مختلف علاقوں میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر رکھا ہے ۔




















