محکمہ موسمیات نے عیدقربان کے دوسرے روز بھی موسم شدید گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کردی۔ بالائی علاقوں، شمال مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور بارش کی توقع بھی ظاہر کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران تربت اور بہاولنگر میں پارہ 48، سبی، دادو، لاڑکانہ اور موہنجوداڑو میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہا۔
آئندہ 24 گھنٹے کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر، شمال مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
سندھ، جنوبی پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں ہیٹ ویو کی وارننگ بھی جاری کردی گئی ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا گیا ہے کہ کئی شہروں میں درجہ حرارت معمول سے چھ ڈگری تک زائد رہنے کا بھی امکان ہے۔
دوسری جانب لاہورسمیت پنجاب بھر میں گرمی کی لہر شدت اختیار کرگئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور میں پارہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا جبکہ دوپہر کے وقت شدید لو اور حبس رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات بارش کا کوئی امکان نہیں۔





















