وزیراعظم شہبازشریف کی لاہور میں پارٹی صدر اور بڑے بھائی نواز شریف کو عید کی مبارکباد دی۔ نوازشریف نے وزیراعظم کو بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
لاہور جاتی امرا میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، حمزہ شہباز، سلمان شہباز اور دیگر فیملی ممبران بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ملکی مجموعی صورتحال پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے نواز شریف کو دورہ چین کے حوالے سے آگاہ کیا۔ نوازشریف نے وزیراعظم کو بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کم سے کم کرنے کی کوشش کریں۔
صدر مسلم لیگ (ن) نے ہدایت کی کہ وفاق اور پنجاب میں ایسی پالیسیاں بنائے کہ جن سےعوام کوریلیف ملے۔ دونوں رہنماؤں نے جاتی امرا میں اپنے والد میاں شریف اور دیگر رشتہ داروں کی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔





















