ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جارہی ہے۔
ملک بھر میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی عقیدت، جوش و خروش اور روحانی جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں نمازِ عید کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جہاں لاکھوں فرزندانِ اسلام نے سنتِ ابراہیمیؑ کی پیروی کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر ادا کیا۔
نمازِ عید کے اجتماعات میں علما کرام نے فلسفہ قربانی، ایثار، بھائی چارے اور اتحادِ امت پر خصوصی بیانات دیے،خطبات میں امتِ مسلمہ کی سلامتی،ملک کی ترقی،خوشحالی اوراستحکام کے لیےخصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
عیدالاضحیٰ کےموقع پر کروڑوں مسلمان سنتِ ابراہیمیؑ پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کررہے ہیں جبکہ مستحق اور نادار افراد میں گوشت تقسیم کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
سیکیورٹی کے پیش نظر ملک بھر میں نمازِ عید کے اجتماعات اور اہم مقامات پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ شہری پرامن ماحول میں عید کی خوشیاں منا سکیں۔





















