وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی 14مئی کو محسن نقوی سےملاقات ہوئی، امن وامان کی صورتحال پر محسن نقوی سے ملاقاتیں ہوتی رہی ہیں۔
سماء کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ملاقات پر پروپیگنڈا کیا گیا، بیرسٹرگوہر ملاقات میں موجود تھے، ملاقات خفیہ نہیں رکھی گئی۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر محسن نقوی سے ملاقاتیں ہوتی رہی ہیں، محسن نقوی سے پہلے بھی ملاقاتیں ہوتی رہی ہیں۔ بیک ڈور رابطوں پراعتماد کرتے تو بانی پی ٹی آئی ایک ہزاردن جیل میں نہ گزارتے۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرپارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور محسن نقوی کی ملاقات میرے لئےتعجب کا باعث ہے، دہشتگردی سے متاثرہ صوبے کا وزیراعلیٰ اتنی دیر سے ملاقات کیوں کررہاہے، ملاقات کو سیاسی رنگ دینا غیر مناسب ہے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی بات چیت بھی کرے تو اُن کا حق ہے، وزیراعظم اوراپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی کی ملاقات عید کے بعد ہوگی، میں نے اور راناثنااللہ نے محمود اچکزئی کو وزیراعظم سےملاقات کی دعوت دی ہے۔





















