ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ صرف جنگ کے خاتمے پر بات ہورہی ہے، امریکا کے ساتھ اس وقت جوہری مسئلے پر بات نہیں ہورہی۔
نیوز کانفرنس کے دوران ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا کے ساتھ صرف ابتدائی فریم ورک تو طے ہوا ہے، ممکنہ ایم او یو میں آبنائے ہرمز کے انتظام سے متعلق تفصیلات شامل نہیں، کوئی یہ نہیں کہہ سکتا امریکا اور ایران کے درمیان معاہدہ جلد ہونے والا ہے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کا انتظام ساحلی ممالک کے اختیار میں ہوتا ہے، آبنائے ہرمز سے گزرنے والوں مکمل تحفظ فراہم کریں گے، دشمن کے ہر جارحانہ اقدام کا جواب دیا جائے گا۔ ابھی ہم کسی معاہدے پر دستخط کرنے کے قریب نہیں۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران آبنائے ہرمز کے مسئلے پر تعاون کرنے والے ممالک کے ساتھ رابطے میں ہے، ایرانی وفد ابھی پاکستان بھیجنے کا کوئی ارادہ نہیں، امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں پاکستان واحد ثالث ہے، بہت سے معاملات پر بات چیت میں پیش رفت ہوئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دھمکیاں ، دباؤ اور پروپگنڈا سیاست کا حصہ ہے، زمینی حقائق دیکھتے ہیں ،مخالف بیانیہ ہمارے لئے اہم نہیں، چند دنوں جوپیش رفت ہوئی وہ پاکستان اور دیگر ممالک کی ثالثی کی وجہ سے ہیں، معاہدے میں لبنان پر جارحیت روکنے کی شق شامل کی جائے۔






















