جرمنی کے جنوبی علاقوں میں شدید برف باری سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا جبکہ باویرین ریاست کے میونخ میں ہوائی اور ریلوے ٹریفک بند کر دی گئی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میونخ ایئرپورٹ کے ترجمان نےمیڈیا سے گفتگومیں بتایاکہ شدید برف باری کے باعث مجموعی طور پر 760 پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی حفاظت کی غرض سے گھروں تک محدود رہیں۔سخت سردی نے ٹرینوں کی آمدورفت میں بھی خلل ڈالا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ریل آپریٹر ڈوئچے بان نے کہا ہے کہ میونخ سٹیشن ابھی خدمات فراہم نہیں کر سکتا۔ ڈوئچے بان کے مطابق مسافروں کو پورے خطے میں (ٹرینوں کی آمد میں) تاخیر اور منسوخی کا سامنا کرنا پڑے گااور زیادہ تر بسیں، ٹرام اور مضافاتی ٹرینیں میونخ میں نہیں چل رہیں۔
واضح رہے کہ بائرن میونخ اور یونین برلن کے درمیان طے شدہ فٹ بال چیمپئن شپ میچ بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔