امریکی اخبار کے مطابق پاکستان اور قطر کی ثالثی میں نیا مسودہ تیار کرلیا گیا ہے۔ خود امریکی صدر نے بھی تصدیق کی ہے کہ ثالثی کرنےوالے ممالک لیٹر آف انٹینٹ پر کام کررہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم امن کی راہ میں پھر رکاوٹ بننے لگے ۔ صدر ٹرمپ سے ٹیلفونک گفتگو میں تلخ کلامی ہوگئی، امریکی اخبار کے مطابق صدر ٹرمپ اب بھی معاہدے کے امکان پر زور دے رہے ہیں جبکہ اسرائیلی وزیراعظم نے ایران سے مذاکرات کی مخالفت کرتے ہوئے دوبارہ حملے کی خواہش کا اظہار کیا۔
صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ مذاکرات میں جوہری پروگرام اور آبنائے ہرمز شامل ہوں گے ۔ مسودے پر دستخط کے بعد 30 روزہ مذاکراتی دور شروع ہوگا۔
ذرائع کے مطابق نیتن یاہو آئندہ چند ہفتوں میں واشنگٹن کا دورہ بھی کر سکتے ہیں تاکہ صدر ٹرمپ سے براہ راست ملاقات کی جا سکے۔
ایرانی وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ وہ نئے مسودے کا جائزہ لے رہی ہے، تاہم اب تک کسی بڑی لچک کا اشارہ نہیں دیا گیا۔ ایران نے مذاکرات کی کامیابی کے لیے امریکا سے ایرانی فنڈز کی بحالی اور اسرائیل سے لبنان میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔





















