وزیراعظم شہبازشریف سے چین کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔ چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کےنائب چیئرمین تسائی دافنگ کی قیادت میں وفد پاک چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لئے دورے پر ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان اور چین کی تاریخی اور اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا گزشتہ 75 برسوں میں پاکستان اورچین نے دوستی کا ایک منفرد رشتہ قائم کیا ہے۔ انہوں نے چین کے بنیادی قومی مفادات کے لئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
شہبازشریف نے سی پیک کو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے ایک گیم چینجر قرار دیتے ہوئے اس کے اگلے مرحلے کی کامیابی کے لئے پختہ عزم دہرایا ۔ جس میں زراعت، آئی ٹی، صنعت اور معدنیات کے شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے آئندہ سرکاری دورہ چین کے منتظر ہیں۔
نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے نائب چیئرمین تسائی دافنگ کا کہنا تھا چینی قیادت پاکستان چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے پُرعزم ہے ۔ چین علاقائی امن کوششوں میں پاکستان کے کردار کی مکمل حمایت کرتا ہے ۔ اور عالمی امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔





















