گیس فراہمی اور گندم کی ترسیل کے حوالے سے وفاق اور خیبرپختونخوا حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ وفاق نے صوبے کو یومیہ پینتیس ایم ایم سی ایف ڈی گیس دینے کی یقین دہانی کرادی۔
گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم کا اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم اور ان کی قائم کردہ کمیٹی کا شکریہ کیا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جمعرات سے صوبے میں سی این جی اسٹیشنز صبح 6 سے شام 6 بجے تک کھلیں گے۔
گورنرخیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبائی حکومت دلیل اوردلائل سے بات کرے تو تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں ۔ کہا وزیراعظم کو خیبرپختونخوا میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس بلانے کی درخواست بھی کی ہے۔ وزیراعظم نے گندم کے مسئلے پر بھی ایکشن لیا ہے، جلد ہی خیبرپختونخوا کا یہ مسئلہ بھی حل ہوگا۔
مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم نے اہم پیشرفت کو عوام کی جیت قرار دیا۔ بولے گندم کی ترسیل کا معاملہ حل کرنے کیلئے بھی یقین دہانی کرا دی گئی ہے۔ ہو سکتا ہے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی بھی اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے بات کریں گے۔
مزمل اسلم نے کہا کہ گیس کے معاملہ پر ہماری جیت ہوئی ہے، گندم کا مسئلہ باقی ہے، آئین کے مطابق ملک بھر میں کوئی کسی چیز کی ترسیل نہیں روک سکتا، ضم شدہ علاقوں کی بڑی قربانی ہے، ہمیں این ایف سی کا پورا حصہ ملنا چاہیے۔





















